اکھلیش اورراہل نے ’متنازعہ بیا نات‘ کومایوسی کاشاخسانہ قراردیا،دس نکاتی ایجنڈے کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس
لکھنؤ، 11فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادواورکانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے ریاست کے اسمبلی انتخابات میں مخالفوں کے حملوں کو ان کی مایوسی کانتیجہ قرار دیتے ہوئے آج کہاکہ مخالفین کے ہاؤبھاؤ اورغصہ یہ بتارہاہے کہ ان کی زمین کھسک چکی ہے۔اکھلیش اورراہل نے یہاں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ اپنے اتحاد کے ’ترقی کے10اقدامات‘پرپابندعزم ہیں۔ہم منشور جاری کرنے کے بعدنامہ نگاروں سے بات چیت میں وزیر اعظم نریندر مودی اوربی ایس پی سربراہ مایاوتی کی طرف سے ان پرذاتی چھینٹا کشی کئے جانے پرکہاکہ انتخابات ایک جمہوری عمل ہیں۔اس میں زیادہ جذباتی یا ناراض ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔یہ کہیں نہ کہیں بتارہاہے کہ ان کی زمین کھسک گئی ہے۔اکھلیش نے کہاکہ اپوزیشن لوگ ایس پی اورکانگریس کے اتحاد کو دو کنبوں کااتحادکہہ رہے ہیں لیکن دراصل یہ دو نوجوانوں کا اتحاد ہے۔ہم نوجوانوں کو جوڑیں گے ۔ہم کسی سے کچھ چھین نہیں رہے ہیں۔ہم ایسا چاہتے بھی نہیں۔اس میں ناراض ہونے والی کیا بات ہے۔میں تمام ووٹروں کاشکریہ اداکرناچاہتاہوں۔پہلے مرحلے کے انتخابات ہو رہے ہیں۔اس میں سائیکل اور کانگریس کو سب سے پہلے ووٹ پڑاہے، اور جو آگے ہوتا ہے، وہ آگے ہی رہتا ہے۔راہل اور اکھلیش نے کہاکہ’ترقی کے 10اقدامات‘کے تئیں پابندِعہدہیں ۔انتخابی منشور کو ہم دونوں نے مل کر بنایا ہے۔کانگریس اور سماج وادی پارٹی کی حکومت بننے پر ان 10فیصلوں پر ترجیح کے ساتھ کام کیا جائے گا۔اس میں مفت اسمارٹ فون، 20لاکھ نوجوانوں کو مہارت کی تربیت، کسانوں کوامداد، سستی بجلی، ایک کروڑ غریب خاندانوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ پنشن، شہری غریبوں کو ایک وقت مفت کھانا، دلت اور پسماندہ طبقے کے 10لاکھ لوگوں کومفت رہائش گاہ، تیز رفتار اور موثر کارروائی کے لیے پولیس کی جدیدکاری وغیرہ کام شامل ہیں۔اکھلیش نے جنم کنڈلی سے متعلق وزیر اعظم مودی کے مبینہ تبصرے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کہا کہ یہ الیکشن ہے۔اس میں غصہ نہیں آناچاہیے۔وزیر اعظم نے جو چیزیں زمین پر پہونچائی ہیں، ان کے بارے میں بتائیں۔آج انٹرنیٹ کا زمانہ ہے، سب کی جنم کنڈلی نکلتی ہے۔وزیر اعظم اگر آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر چلیں تو میں کہہ سکتا ہوں کہ وہ بھی ایس پی کانگریس کو ہی ووٹ دیں گے۔